عشرہ محرم کیلئے جامع سکیورٹی پلان

فرحان علی شیخ
نواسہ رسولؐ ،امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ کی میدان کربلا میں  بہتر اہل بیت کے ساتھ دی گئی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تمام مسالک کے مسلمان بھائی ہر سال خصوصی اجتماع، روحانی محافل، لنگر، سبیلوںاور مجالس کا اہتمام کرتے ہیں ۔جن میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو یاد کر کے حق و باطل کی پہچان اور ظلم کے خلاف جان و مال قربان کر دینے کا درس دیا جاتا ہے۔ اس وقت ملک کو دہشت گردی کے ناسور کا بھی سامنا ہے جس کے پیش نظر عشرہ محرم الحرام اور یوم عاشور کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب غیر معمولی توجہ دے رہی ہے ۔ صوبائی دارالحکومت میں اس مقصد کیلئے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ جن کے تحت صرف منظور شدہ روٹس پر جلوس کی اجازت ہو گی،ہر جلوس کے روٹ کو سکیورٹی ادارے، انتظامیہ اور امن کمیٹی پیشگی کلئیر کریں گے۔اسی طرح یہ یقینی بنایا جائے گاکہ تمام شرکاء صرف مختص کردہ راستے سے مکمل چیکنگ کے بعد جلوس میں شامل ہوں۔ ایس او پیز کے مطابق جلوس کے راستے میں کسی سویلین کو کوئی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جلوس کے راستوں پر کوئی شہری چھت پر نہیں آئے گا اور مالک مکانوں سے کرایہ داروں بارے سرٹیفیکیٹ لئے جائیں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شبیہ ذوالجناح کی محفوظ واپسی تک سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
لاہور میں عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے مربوط سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔جس کے تحت عشرہ محرم کے دوران 11ہزار سے زائد پولیس افسران واہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پرتعینات ہوں گے۔ عشرہ محرم کے دورا ن لاہور میں کیٹگری اے کی 457، کیٹگری بی کی2610 اور کیٹگری سی کی801مجالس منعقد ہوں گی۔ لاہور میں کیٹگری اے کے17جلوس، بی کے74اور کیٹگری سی کے3لائسنسی جلوس نکالے جائیں گے۔اسی طرح تقرباً ساڑھے تین سو چھوٹے بڑے غیر لائسنسی جلوس بھی نکلیں گے۔صوبائی دارالحکومت میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کے ہاٹ سپاٹس میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ اے کیٹگری کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی چیکنگ کیلئے سپروائزری افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے جلوسوں کے روٹس کی سکیورٹی کیمروں سے لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جائے گی۔ ماتمی جلوسوں و مجالس کے سکیورٹی ایس او پیزپرمن و عن عملدرآمدیقینی بنایا جائے گا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے محرم الحرام سے قبل کمشنر لاہور زید بن مقصور کے ہمراہ ٹاؤن ہال میں لاہور ڈویڑن کی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں مجالس و جلوسوں کے اطراف واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، لائٹس،پیچ ورک اور متوقع بارشوں سمیت دیگرامور زیر غور رہے۔اس موقع پر علماء کرام، امن کمیٹی کے ممبران، منتظمین اعزاداری جلوس، متولیوں، لائسنس ہولڈرز نے اجلاس کواپنی تجاویز پیش کیں اور  بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔سی سی پی او لاہور نے شرکاء سے خطاب میں بتایا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کیلئے بہترین سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ محکمہ داخلہ کے جاری ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا،طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی اور مقام پر جلوس، مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔ لاؤڈ سپیکر ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات کار اور روٹ کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے  ماتمی جلوسوں کے روٹس پرپیچ ورک ورروشنی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ خواتین عزاداروں کی سی سی ٹی وی کے ذریعے سکیورٹی اور چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہوں گی۔ روٹس پر کیمروں کی تنصیب، ڈرون کیمروں سے فضائی مانیٹرنگ کا انتظام کیاگیا ہے ۔ مذہبی منافرت اور تفرقہ بازی پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف بلا امتیار کارروائی کی جائے گی۔جبکہ حساس جلوسوں اور مجالس کے روٹ پر آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرزاورعزاداروں کی سیکیورٹی کیلئے مجالس اور جلوسوں میں سادہ کپڑوں میں کمانڈوز بھی تعینات کیا جا ئیں گے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈرکے ممبران کے ہمراہ نثار حویلی اور کربلا گامے شاہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر یومِ عاشور کے مرکزی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا گیااورسکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بلال صدیق کمیانہ سے آغا شاہ حسین قزلباش سمیت منتظمین جلوس ومجالس نے ملاقات کی، سی سی پی او نے محرم الحرام کے دوران بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیرخوراک بلال یاسین،سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، کمشنر لاہور زید بن مقصود، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران،سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، ایس ایس پی تصور اقبال سمیت پولیس وضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن