لاہور (نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر 05 ویں محرم الحرام اور جمعتہ المبارک کے موقع پر پولیس ٹیموں نے صوبہ بھر میں مساجد، امام بارگاہوں، مجالس اور عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی فرائض تندہی سے سر انجام دئیے۔ مذہبی مقامات، عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی بڑھا دی گئی، 5 محرم کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں 3830 مجالس منعقدہوئیں، 547 عزاداری جلوس برآمد ہوئے، صوبائی دارالحکومت میں 42 جلوس 410 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جن میں اے کیٹیگری کی45 مجالس شامل تھیں، صوبہ بھر میں مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی پر 37597 پولیس افسران و اہلکار، ایلیٹ سپیشل پولیس اہلکار تعینات رہے جبکہ والنٹئیرز بھی مجالس و عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی میں پولیس کو معاونت فراہم کر رہے ہیں، صوبہ بھر میں منعقدہ 3830 مجالس کی سکیورٹی پر 25 ہزار سے زائد افسران واہلکار وں نے سر انجام دئیے جبکہ 547 جلوسوں کی سکیورٹی پر 12 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات رہے۔ آر پی اوز، ڈی پی اوزنے محرم سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کی اور تمام اضلاع میں عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے۔ کنٹرول رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مجالس و جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جارہی ہے۔