لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ سے لاہور میں برٹش ہائی کمیشن کی خارجہ پالیسی کونسلر سیم شرمین، پولیٹیکل سیکرٹری جولیا بریک، پولیٹیکل ایڈوائزر عدیلہ بہار خان نے ملاقات کی۔ بریک فاسٹ میٹنگ میں پاک برطانیہ تعلقات، پاکستان کے انڈیا اور افغانستان سے تعلقات، جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں دھرنا، پاکستان کے غیرمستحکم جمہوری اور اقتصادی حالات پر تبادلہ خیال ہوا۔ لیاقت بلوچ نے کہا پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی ٹورازم، تجارتی تعلقات اور کھیل و پارلیمانی تعلقات پر کسی کو کیا اعتراض ہوسکتا ہے۔ بھارت ہی خود سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ غزہ میں مظلوم، نہتے انسانی جانوں کی قربانیوں نے پوری دْنیا میں بیداری کی نئی لہر پیدا کردی ہے۔