لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) شرپسند عناصر نے ہمیشہ اتحاد امت کو توڑنے کی کوشش کی۔ آج ہمیں متحد ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا۔ صحابہؓ و اہل بیتؓ میں تفریق اسلام دشمنی ہے۔ یہ بات جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے جامعہ القدس چوک دالگراں میں کہی۔ انہوں نے کہا محبت وطن علمائے کرام نے امت کو جوڑنے اور فرقہ واریت کے خاتمے کی کوشش کی لیکن شرپسند عناصر نے ہمیشہ اتحاد امت کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کیں۔ ہمیں آج بھی ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے متحد ہو کر اسلام اور وطن دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانے کی جدوجہد جاری رکھنا ہو گی۔ صحابہ کرامؓ اور اہل بیتؓ کی آپس پیار اور محبت ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ جہالت میں ڈوبے کچھ ناعاقبت اندیش ان میں تفریق اور اختلاف ثابت کرنے کی کوشش میں اپنے ایمان کا بیڑا غرق کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ ہمیں ایسے لوگوں سے دوری اختیار کرنی چاہیے تاکہ قوم اور ملک کو انتشار سے بچایا جاسکے۔ موجودہ حالات میں ہمیں پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے تاکہ ملک میں امن کی فضا قائم ہوسکے۔