لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمدجمیل نے جامع أبی ہریرہؓ کریم بلاک اقبال ٹاؤن میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا سیدناحسنؓ اورسیدناحسینؓ کی پاکیزہ زندگیاں امت کی مکمل رہنمائی کرتی ہیں۔ رسول کریمؐ کے نواسوں نے اللہ کے قرآن اوراپنے ناناجان کے فرامین مقدسہ کا بھرپوردفاع کیا۔ امت فروعی اختلافات ختم کرنے اورآپس کے مسائل حل کرنے کیلئے بھی قرآن وحدیث کومشعل راہ بنائے۔ حضرت حسنؓ اورحضرت حسینؓ نے ناناجان کی تعلیمات کے عین مطابق زندگی بھر ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا اورزندگی کے کسی موڑپر کبھی صبرکا دامن نہ چھوڑا۔ نانا کے نقش قدم مبارک پرچلتے ہوئے ہمیشہ عقیدہ توحید کاپرچار اور بھرپور دفاع کیا۔افسوس امت نے آج ان کی تعلیمات کو بھی نظر انداز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا حسنؓ وسیدناحسینؓ کی پاکیزہ زندگیاںحضورنبی کریمؐ کی سیرت مقدسہ کا عکس ہیں ،ان میں ہرشعبہ زندگی کے مسائل کا حل شریعت مصطفیؐ کے عین مطابق موجود ہے۔