لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم کا کہنا ہے کہ ہم بھارتی پروپیگنڈہ کو مسترد کرتے ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ کی صورت میں محب وطن لوگوں کی پاکستان کے سیاسی افق میں شمولیت بھارت کو برداشت نہیں ہورہی جس کے باعث بھارت پروپیگنڈے پر اتر آیا ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ بھارت نا صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ مرکزی مسلم لیگ کا کسی دہشت گردی کے ساتھ تعلق جوڑنا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ تیراکی اور اس جیسے دیگر کھیلوں کو دہشت گردی سے جوڑنا بھارت کے موقف کے بودے پن کی دلیل ہے۔ پاکستانی میڈیا کیخلاف بھارتی میڈیا اور غلط معلومات کو یورپی یونین کے ڈس انفو لیب، ایک آزاد حقیقت جانچنے والی تنظیم نے بے نقاب کیا ہے۔ مرکزی مسلم لیگ ایک صحت مند پاکستان پر یقین رکھتی ہے اور ہزاروں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جن میں کھیل اور گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران تیراکی کے سیشن شامل ہیں۔ ان سیشنز کا مقصد نوجوانوں کو قدرتی آفات میں ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لینے کیلئے ضروری زندگی بچانے کی مہارتیں فراہم کرنا بھی تھا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ نوجوان ایک دن تمام کھیلوں میں ملک کا نام روشن کریں گے اور کسی بھی قدرتی آفت یا حادثات میں لوگوں کی مدد کریں گے۔