لاہور (نیوز رپورٹر)محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کا مشن اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اراکین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے فیصل آباد کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کمشنر آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان،سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل،آئی جی ڈاکٹر عثمان انور،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال،ڈی آئی جی سپیشل برانچ بھی تھے۔کمشنر فیصل آباد سلوت سعید اور آر پی او ڈاکٹر عابد خان نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔کمشنر نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں عشرہ محرم کے دوران یوم عاشور تک 4402 مجالس اور 1528 جلوس منعقد ہورہے ہیں۔ 163 ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 122 کی زباں بندی کے احکامات جاری کئے گئے۔ فیصل آباد میں 205 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا۔ دریں اثناء خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں سرگودھا پہنچی۔ کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی اور آر پی او شارق کمال صدیقی نے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ سرگودھا ڈویژن میں تمام 5457 مجالس اور 1220 جلوسوں کے انتظامات مکمل ہیں۔ 195 ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 73 کی زباں بندی کے احکامات جاری کئے گئے ۔ سرگودھا میں 158 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ۔ انہوں نے امام بارگاہ 7 بلاک میں مقامی امن کمیٹی عہدیداران، منتظمین اور اہل تشیع کمیونٹی سے ملاقات کی۔عاشورہ پر صرف مخصوص علاقوں میں موبائل سروس پر پابندی لگائی گئی ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء اور انتظامیہ ایک پیج پر ہیں۔