پٹنہ (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست بہار میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 29 ہوگئی جبکہ 18 طالب علم زخمی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ مدھوبانی میں 5، اورنگ آباد میں 4، سوپول اور نالندا میں تین تین، لاکھی سارائی اور پٹنہ میں دو دو جب کہ بیگوسارائی، جموئی، گوپالگنی، روہتاس، سمستاپور اور پورنیا میں ایک ایک ہلاکتیں ہوئیں۔ اسی طرح گاؤں بتھنہ میں کسانوں پر اس وقت بجلی گری جب وہ کھیتوں میں کام کر رہے تھے۔ آسمانی بجلی نے پلک جھپکتے 2 کسانوں کو نگل لیا جب کہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ ریاست بہار ہی کے ایک اور گاؤں ڈومریا میں 2 خواتین آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوگئیں اور ایک شخص شدید زخمی ہے۔ آسمانی بجلی گرنے کا ایک اور واقعہ ضلع بھوج پور میں پیش آیا جہاں ایک سکول پر آسمانی بجلی گری تاہم خوش قسمتی سے اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم 18 طلبا زخمی ہوگئے۔ رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت طلبا کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں 2 طلبا کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے جبکہ بقیہ کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ ریاست بہار کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 سے تجاوز کرگئی۔