ای چالان شروع کر دیئے، شہریوں کو آگاہ بھی کریں: ہائیکورٹ 

Jul 13, 2024

لاہور (خبر نگار) ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی سماعت کے دوران سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ای چالان سے متعلق عوام کو آگاہ کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ای چالان شروع کردیے ہیں تو شہریوں کو آگاہ کریں تاکہ شہری محتاط ہوکر ڈرائیونگ کریں، ممبر جوڈیشل کمیشن نے موقف اپنایا کہ بارش کے باعث مال روڈ پر پانی کھڑا ہے، پی سی ہوٹل کے سامنے گرین بیلٹ کے اوپر سے پانی گزر رہا ہے، بارش سے ہائیکورٹ کے گیٹ پر بھی پانی کھڑا ہوا ،جو بھی ہائیکورٹ کے اندر  آیا اس کے کپڑے خراب ہوئے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جوہر ٹائون میں واسا نے نکاسی آب کے اچھے انتظامات کئے ، اس طرح کے اقدامات دیگر علاقوں کے لیے بھی کرنے چاہئیں، کمشنر لاہور کا دفتر بہت شاندار بن چکا ہے، اس پر بہت پیسہ لگا ہے، ججز بھی پرانے کمروں میں بیٹھتے ہیں، کمشنر صاحب نہیں بیٹھ سکتے۔ ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ حکومت نے اس پر بہت سا پیسہ ضائع کیا ہے۔ وکیل واسا میاں عرفان نے کہا کہ عید سے قبل میری گاڑی چوری ہوئی سیف سٹی کے پاس گیا، سیف سٹی والوں نے کہا کہ اس جگہ کے ہمارے کیمرے خراب ہیں۔ وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ میرے گھر پر پٹرول بم سے حملہ ہوا تو وہاں اوپر کیمرے لگے ہیں مجھے بھی کہا گیا وہ کیمرے خراب ہیں، عدالت نے سماعت اگست تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں