پوری قوم‘ علماء کرام حکومت کے فیصلے عزم استحکام کے ساتھ کھڑے ہیں: عبدالخبیر آزاد

Jul 13, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار) بادشاہی مسجد لاہور میں مجلس علماء  پاکستان کے زیر اہتمام وحدت امت کانفرنس چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان / خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزادکی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ بطور مہمانان خصوصی سیکرٹری و چیف ایدمنسٹریٹر مذہبی امور اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، سی سی پی او لاہو ر بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی لاہور محمد فیصل کامران تھے۔کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام، سماجی شخصیات، دانشور اور صحافی حضرات نے شرکت کی۔ محمد عبد الخبیر آزاد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وحدت امت کانفرنس کا مقصد محرم الحرام میں قیام امن کیلئے اور محبت، اخوت، مذہبی ہم آہنگی و روداری کی فضاء کو قائم کرنا ہے۔ نواسہ رسول ؐسیدنا امام حسینؓ کی شہادت ہمیں صبر‘ ایثار‘ قربانی اور برداشت کا درس دیتی ہے‘ آپ نے یزید کی بیعت کو مسترد کر کے دین اسلام کا پرچم سربلند کر دیا۔ عبد الخبیر آزاد نے علماء  کرام اور ذاکرین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام میں قیام امن کیلئے اتحاد بین المسلمین اور ’’پیغام پاکستان‘‘ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، پیغام پاکستان وہ ضابطہ اخلاق ہے جس میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس پیغام کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ علماء  و ذاکرین محرم الحرام اور عاشورہ محرم کے پروگراموں میں ایسی اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں جس سے کسی دوسرے کی دل آزاری ہو، پیغام پاکستان کی روشنی میں دیے گئے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کریں اور تمام مسالک و مذاہب کے عقائد و نظریات اور ان کے مذہبی مقامات و عبادتگاہوں کا احترام کریں اور اس زریں اصول کہ اپنے ’’مسلک کو چھوڑو نہ اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہ‘‘پر عمل پیر ا ہوں۔ محمد عبدالخبیر آزاد نے مزید کہا کہ پوری قوم اور علماء  کرام حکومت پاکستان کے فیصلہ عزم استحکام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کانفرنس کے آخر میں تمام مسالک کے علماء کرام نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اظہار یکجہتی بھی کیا اور پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد اور پیغام پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ آخر میں عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، محرم الحرام میں قیام امن، ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر اور غزہ و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مزیدخبریں