حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کے اجراء کی حکمت عملی کی منظوری دیدی 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترقیاتی و غیر ترقیاتی فنڈز کے اجرا کیلئے حکمت عملی کی منظوری دیدی۔ وزارت خزانہ کے آفس میمورنڈم کے مطابق رواں مالی سال کیلیے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کی حکمت عملی کے تحت پہلی سہ ماہی میں منظور شدہ منصوبوں کیلیے15 فیصد ترقیاتی فنڈز اور دوسری سہ ماہی میں 20 فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کیے جائیں گے۔اسی طرح  تیسری سہ ماہی میں 25 فیصد اور چوتھی و آخری سہ ماہی میں 40 فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کیے جائیں گے۔ آفس میمورنڈم میں مزید بتایا گیا ہے کیہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کرتے وقت پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ 2019 کے چیپٹر تین پر عملدرآمد کرنا وزارت منصوبہ بندی اور متعلقہ پرنسپل اکاونٹنگ افسران کی ذمہ دارہوگی۔گرانٹ کے مطالبے میں منظور شدہ منصوبوں کے لیے فنڈز کا اجرا ہر متعلقہ پرنسپل اکاؤنٹنگ افسر کا اختیار ہوگا جو وہ منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات ڈویژن کے تفویض کردہ اختیارات کے مطابق فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنا کر سہہ ماہی بنیادوں پر جاری کرے گا۔دفتر اور رہائشی عمارتوں کے کرائے، پنشن کی رقم، ایل پی آر ان کیشمنٹ اوروزیراعظم امدادی پیکج کے تحت امدادی رقوم کی فراہمی کیلیے 45 فیصد فنڈ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں جبکہ باقی ماندہ 55 فیصد ری کرنٹ بجٹ دوسری ششماہی میں جاری کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن