وزیر داخلہ کا رات گئے جی سکس مرکزی اثنا عشری امام بارگاہ کا دورہ، روٹ کا معائنہ 

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے رات گئے جی سکس میں مرکزی اثنا عشری امام بارگاہ کا دورہ کیا ، مجلس اور جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے مجالس کے سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے مجلس کے شرکاء سے ملاقات کی اور انتظامات کے بارے دریافت کیا۔ شرکاء نے انتظامات کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی کو سکیورٹی انتظامات کے بارے ضروری ہدایات دیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں محرم الحرام کے دوران قیام امن کیلئے پولیس اور انتظامیہ الرٹ ہے، خود دورہ کرکے محرم الحرام سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا۔ مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کی حفاظت کے لئے فول پروف اقدامات کئے گئے ہیں۔کنٹرول روم فعال ہے اور کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا۔آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی۔ ڈی آئی جی علی رضا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن