اسلام آباد؍ مری (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نامہ نگار خصوصی) سپریم کورٹ کی جانب سے کثرت رائے سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کے فیصلے کے خلاف مسلم لیگ ن کے کارکنان نے ایکسپریس ہائی وے پر احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی۔ جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے جشن فتح منائے جانے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ ایسے میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ایم این اے راجہ اسامہ اشفاق سرور اور ایم پی اے بلال یامین ستی کی قیادت میں کا ایکسپریس وے پر عدالتی فیصلہ کے خلاف ٹائر جلا کر ہر قسم کی ٹریفک کو بلاک کیا جبکہ ڈاکخانہ چوک میں مسلم لیگ ن کے کاکنوں کا احتجاج رات گئے تک جاری رہا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر’’ فیصلہ نامنظور نامنظور ‘‘کے نعرہ درج تھے جبکہ انہوں نے محمد نواز شریف کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ دوسری طرف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے فیصلہ کے حق میں جشن منانا شروع کر دیا۔