بانی پی ٹی آئی‘ بشریٰ بی بی کو جیل میں تمام سہولتیں دی جائیں جن کے وہ حقدار: ہائیکورٹ

اسلام آباد (وقائع نگار) بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات کی فراہمی، بنیادی حقوق کے تحفظ سے متعلق درخواست پر اسلام آباد ہاہی کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔ عدالت نے کہا وفاقی حکومت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی زندگی اور صحت کی حفاظت یقینی بنائے، وفاقی حکومت عدالت کی جانب سے فراہم کی گئی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد یقینی بنائے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل میں وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جن کے وہ حقدار ہیں۔ فیصلے کے مطابق جب درخواست دائر کی گئی تھی تب بانی پی ٹی آئی جیل میں سزا کاٹ رہے تھے، موجودہ صورتحال میں درخواست گزار خود بھی جیل میں سزا کاٹ رہی ہیں، درخواست میں جو معاملہ اٹھایا گیا ہے وہ بانی پی ٹی آئی تک محدود نہیں بلکہ عمومی نوعیت کا ہے، کہا گیا کہ ایک قیدی کے کوئی حقوق نہیں جو کہ مکمل طور پر غلط ہے، قید کا مطلب غیر انسانی برتاؤ بالکل بھی نہیں ہے، قید کا مقصد بغیر کسی جسمانی و دماغی دباؤ کے قیدی کی اصلاح ہے ، اس عدالت نے مقدمہ خالد حسین بنام وزارت انسانی حقوق میں گائیڈ لائنز فراہم کردی ہیں،وفاقی حکومت ملک کی تمام جیلوں، بالخصوص اڈیالہ جیل میں ان گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کرانے کی پابند ہے، بظاہر اب تک وفاقی حکومت جیلوں میں ان گائیڈ لائنز پر عملدرآمد نہیں کرا سکی، بظاہر وفاقی حکومت نے ان معاہدوں پر عملدرآمد کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن