لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے وفاقی حکومت کی حساس اداروں کو فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کیخلاف درخواست لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس کو بھجوا دی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائے گئے ہیںلارجر بینچ بنایا جائے، سابق ایم پی اے غلام سرور کے وکیل نے موقف اپنایا کہ حکومت پاکستان نے ایک نوٹیفکیشن میں آئی ایس آئی کو لوگوں کے فون ٹیپ کرنے کی اجازت دی ہے، پی ٹی اے ایکٹ کے جس سیکشن کے تحت نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اس کے ابھی تک رولز نہیں بنے، آئین پاکستان شہریوں کو پرائیویسی، آزادی اظہار رائے فراہم کرتا ہے، انڈین سپریم کورٹ کے مطابق بھی لوگوں کے فون ٹیپ کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے، استدعا ہے کہ عدالت حکومت کا آئی ایس آئی کو فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دے۔