لاہور (کامرس رپورٹر) فلور ملز کو ودہولڈنگ ایجنٹ بنانے کے خلاف پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی کال پر ملک کے چاروں صوبوں میں گزشتہ روز بھی فلورملوں کی ہڑتال جاری رہی۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا احمد اور پنجاب کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو کے کہا ہمارا مقصد قطعاً عوام کو پریشانی میں مبتلا کرنا نہیں، مجبوراً انتہائی قدم اٹھانا پڑا ہے۔ ہم ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف نہیں۔ لیکن ود ہولڈنگ ٹیکس کولیکشن ایجنٹ بننا اور آٹے کے ہول سیلر کو فلور ملز کا ودہولڈنگ ایجنٹ بنانا منظور نہیں ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کی 1500 سے زائد فلور ملوں نے گندم کی پسائی اور گرائنڈنگ غیر معینہ مدت کیلئے بند کردی ہے جس سے آٹے کی قلت پیدا ہونے لگی ہے۔ دوسری جانب بعض علاقوںمیں دکانداروں نے فلور ملز کی ہڑتال کے پیش نظر آٹے کے تھیلے کی قیمت میں از خود اضافہ کر دیا ہے۔ صارفین کے مطابق20 کلوگرام کا بیگ 1800روپے کی بجائے 2000 اور 2100 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ ڈیلرز نے سٹاک شدہ مال مہنگے داموں فروخت کرنا شروع کردیا۔ہڑتال کا سلسلہ جاری رہا تو آٹے کی صورت حال مزید بحران کا شکار ہو جائے گی۔
وِدہولڈنگ ٹیکس: فلور ملز کی ہڑتال، آٹے کی قلت کا خدشہ، قیمت300 روپے تھیلہ بڑھ گئی
Jul 13, 2024