اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارکی زیرصدارت وزارت خارجہ میں اعلیٰ سطح کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں اس سال 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان مملکت کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (سی ایچ جی)کے اجلاس کی ضروریات اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس کی میزبانی کو بہتر انداز میں یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم کی ہدایت پر اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کے ارکان میں وفاقی وزراء برائے اقتصادی امور، داخلہ، اطلاعات و نشریات کے علاوہ خارجہ امور، کابینہ اور داخلہ کے سیکرٹریز اور چیئرمین سی ڈی اے شامل ہیں۔ پاکستان کی روایتی مہمان نوازی کے ساتھ ہم آہنگ موثر انتظامات کرنے کی ہدایات دیں۔کمیٹی کے ارکان نے جاری تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے تیاریوں کی رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ 2017 میں ایس سی او کا مکمل رکن بننے کے بعد سے پاکستان ایس سی او کے مختلف فارمیٹس میں سرگرمی سے حصہ لے رہا ہے۔