پہلا کینسر رجسٹری ڈیٹا بنک قائم کرنے کا فیصلہ، بارش، انتظامیہ فیلڈ میں رہے: مریم نواز

Jul 13, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب میں پاکستان کا پہلا کینسر رجسٹری ڈیٹا بینک قائم کرنے اور بریسٹ کینسر کی تشخیص کے لئے لیڈی ہیلتھ وزیٹر کی ٹریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف سے پنک ربن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو افسر اور بانی ڈاکٹر عمر آفتاب کی ملاقات میں پاکستان کا پہلا کینسر رجسٹری (ڈیٹا بینک) قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ پنجاب میں فی میل سٹاف کے لئے میمو گراف کے ٹیسٹ کی سہولت لازم کرنے پر غور کیا گیا اور نوازشریف کینسر ہسپتال میں بریسٹ کینسر بلاک بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ میموگراف مشین کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے پی آئی ٹی بی کو ایپ بنانے کا ٹاسک دیا جائے گا۔ پاکستان کے پہلے سرکاری نوازشریف کینسر ہسپتال کے بریسٹ کینسر بلاک میں تمام سٹاف خواتین پر مشتمل ہوگا۔ کینسر کے مریضوں کا مستند ڈیٹا میسر ہونے سے علاج کی سہولتیں فراہم کرنے میں آسانی ہوگی۔ دنیا بھر میں بریسٹ کینسر 55سال اور پاکستان میں 35سال کی عمر میں بھی ہورہا ہے۔ پنجاب بھر میں متعین لیڈی ہیلتھ وزیٹر بریسٹ کینسر کلینک تشخیص کر سکیں گی۔ اکتوبر میں پنک ربن مہم وزیر اعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں شروع ہوگی۔ علاوہ ازیں شدید بارش کے باعث وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور واسا حکام کو فیلڈ میں پہنچنے کا حکم دیا۔  مریم نواز نے کہا کہ عملہ اور افسر پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک فیلڈ میں رہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور سمیت تمام شہروں میں نکاسی آب کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہنگامی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر پیشگی تیاری کا حکم دیا۔ مرکزی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے بلا تعطل کام کیا جائے۔ مختلف شہروں میں مسلسل بارش سے پیدا شدہ صورتحال ہنگامی اقدامات کی متقاضی ہے۔ بارش کے بعد سڑکوں بازاروں اور گلیوں میں پانی نظر نہ آنا چاہیے۔ دوسری جانب  لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں بارش کے پانی کے نکاس کے ہنگامی اقدامات کی نگرانی جاری رہی۔ لاہور میں واسا نے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کا بڑا آپریشن کیا۔ مریم نواز نے شیخوپورہ میں شدید بارش کی وجہ سے چھت گرنے سے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں