زرداری سے آذربائیجان کے صدر کی ملاقات، توانائی، تجارت، روابط، دفاعی تعاون مزید وسیع کرنیکا عزم

Jul 13, 2024

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘خبر نگارخصوصی+ نوائے وقت رپورٹ )  صدر آصف علی زرداری سے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔  دونوں ملکوں نے توانائی، تجارت، روابط، دفاع اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون مزید وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک اور آذربائیجان کے ساتھ پائیدار اور نتیجہ خیز روابط قائم کرنا چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مزید بہتر بنانے کی وسیع گنجائش موجود،دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے کیلئے پاکستان اور آذربائیجان کے عوام اور تاجروں کے درمیان باقاعدہ روابط بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ صدر زرداری نے کہا کہ وسطی ایشیائی ممالک اور آذربائیجان گوادر بندرگاہ کو علاقائی تجارت، روابط ، سیاحت ، خطے میں مشترکہ اقتصادی خوشحالی لانے کے لیے استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا مفاہمت کی یادداشتوں سے تجارت ، سیاحت، کان کنی ، معدنیات، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت، قانون اور انصاف کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو نئی تحریک ملے گی۔ جبکہ الہام علیوف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اچھے عوامی روابط ہیں، دونوں ممالک کو اقتصادی تعلقات بڑھانے کیلئے کاروباری تعلقات کو فروغ دینا ہوگا، پاکستان اور آذربائیجان قابل ِتجدید توانائی کے شعبے میں مل کر کام کرنے کے امکانات تلاش کر سکتے ہیں۔ بعد ازاں صدر مملکت نے مہمان صدر الہام علیوف کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، سفارتکاروں اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں  وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت  پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف  نے پاکستان کا دورہ کیا،  جس میں اسٹریٹیجک شراکت دای کا اعادہ کیا گیا ، حکومت کی طرف سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے 11 سے 12 جولائی تک پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ صدر کے وفد میں وزرائے دفاع، دفاعی صنعت، اقتصادیات، ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ اور ٹرانسپورٹ اور نائب وزیر خارجہ شامل تھے۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقاتیں کیں۔ دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور دو طرفہ تعلقات کے تمام دائروں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ چھوٹے و درمیانے درجے کے انٹرپرائز کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ اعلامیہ میں پہلے دن کی سرگرمیوں کا اعادہ کیا گیا۔

مزیدخبریں