سرکاری افسران کا بین الاقوامی پالیسیوں سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے ،تسنیم نورانی

Jul 13, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ )نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے زیر اہتمام 35 ویں سینئر مینجمنٹ کورس و120 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی ( این ایس پی پی)  ڈاکٹر اعجاز منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ایس پی پی پاکستان میں سول سرونٹس کی تربیت کا معتبر ادارہ ہے جس کا کام پالیسی سازی اور ان پر مختلف سطح پر عملدرآمد کے لیے سول سرونٹس کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سکول آف پبلک پالیسی سول سرونٹس کی ٹریننگ اور انہیں گڈ گورننس اور پبلک سروس ڈلیوری کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈاکٹر اعجاز منیر نے کہا کہ سکول آف پبلک پالیسی ان ہائوس ریسرچ اور تھنک ٹینک کو فروغ دے کر ملک میں پبلک پالیسی ریسرچ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سابق وفاقی سیکرٹری تسنیم نورانی نے کامیاب  شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران کا ملک کو درپیش چیلنجزکا مقابلہ کرنے کے لئے بہترین بین الاقوامی پالیسیوں سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے، اور مجھے امید ہے کہ یہ کورس اس حوالے سے آپ کو رہنمائی فراہم کرے گا ۔، لاہور میں منعقد ہونے والے اس کورس  میں مختلف سروس گروپ کے 46 شرکاء￿  شامل تھے ۔تقریب کے آخر میں  شرکاء کو کورس کی تکمیل پر سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔

مزیدخبریں