اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)رینجرز کیڈٹ کالج چکری کے کیڈٹس نے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے نویں جماعت کے امتحان میں سو فیصد اے پلس گریڈ حاصل کر کے شاندار کامیابیوں کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ رینجرز کیڈٹ کالج کے 99 کیڈٹس نے نویں جماعت کے سالانہ امتحان میں شرکت کی اور تمام کیڈٹس اے پلس گریڈ لے کر کامیاب قرار پائے۔ کل 550 نمبرز میں سے کیڈٹ محمد شایان شکور نے531 نمبر حاصل کر کے کالج میں پہلی ، کیڈٹ محمد اسجد عبداللہ نے 529 نمبر حاصل کر کے دوسری ، جبکہ کیڈٹ محمد عیسیٰ خان نے 528 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 13 کیڈٹس نے 95 فیصد سے زائد نمبر حاصل کئے جب کہ 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے کیڈٹس کی تعداد 66 ہے۔ کیڈٹس کے والدین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شاندار کامیابی کے پیچھے پرنسپل بریگیڈئیر ندیم اختر حسین ،وائس پرنسپل میجر ریٹائرڈ نصیر احمد، ڈائریکٹر آف سٹڈیز پروفیسر زین اکرم، محنتی اور قابل اساتذہ کرام اور کالج انتظامیہ کی ان تھک محنت، لگن اور تدریس کے ساتھ مخلصانہ وابستگی کا ہاتھ ہے۔ والدین نے پرنسپل سمیت کالج انتظامیہ کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ کالج مستقبل میں بھی اسی طرح ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے شاندار کامیابیاں سمیٹتا رہے گا۔ پرنسپل بریگیڈئیر ندیم اختر حسین ستارہ امتیاز (ملٹری)نے نوائے وقت سے گفتگو میں کہا کہ کالج کی یہ کامیابی اللہ تعالی کے خصوصی فضل اور اساتذہ کی اپنے پیشے کے ساتھ لگن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کامیاب کیڈٹس کے والدین کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی ہے