سی ڈی اے نے 91 ارب روپے کے سرپلس بجٹ کی منظوری دیدی

Jul 13, 2024

 اسلام آباد(وقار عباسی/وقائع نگار )وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے) نے آئندہ مالی سال کے لیئے 91 ارب روپے کا سرپلس بجٹ کی منظوری دے دی ملازمین و افسران کی تنخواہوں میں وفاق کے اعلان کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کی منظوری دی گئی ہے بجٹ میں اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کی رہائشی سکیم، سیکٹر ای الیون میں کثیر منزلہ فلیٹس کی تعمیر ،سیرینہ چوک انڈرپاس، شاہین چوک انٹرچینج اسلام آباد ایکسپریس وے کی توسیع سمیت دیگر منصوبوں کے لئئے رقوم مختص کی گئی ہیں سی ڈی اے بورڈ کا 8 واں اجلاس جمعہ کے روز چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا. اجلاس میں سی ڈی اے کے تمام بورڈ ممبران نے شرکت کی. اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ نے مالی سال 25-2024 کے بجٹ کی منظوری دی. سی ڈی اے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مالی سال کے بجٹ میں پلاٹوں کی نیلامی پر انحصار نہیں کیا گیا. مالی سال 25-2024 کے لئے ریونیو کا ہدف 91,730.15 ملین روپے جبکہ اخراجات کا تخمینہ 91,584.8 ملین روپے رکھا گیا ہے. اس طرح مجموعی طور مالی سال 25-2024 کے لئے 145.33 ملین روپے کا سرپلس بجٹ ہوگا. سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں اسلام آباد میں چار کنال سے زائد گھروں، ایگرو فارمز و رہائشی و کمرشل یونٹس کے لئے رین واٹر ہاروسیٹنگ سسٹم لازمی قرار دیا گیا۔اس سلسلے میں سی ڈی اے ایک سال تک رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم بنانے کے لئے مدد کرے گا جس کے بعد رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم نہ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی.سی ڈی اے بورڈ نے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے آرچرڈ انکلیو بنانے کی منظوری دی. آرچرڈ انکلیو 1487 کنال پر بنایا جائے گا. اسی طرح سمندر پار پاکستانیوں کے لئے سیکٹر E-11 میں سمارٹ ہاؤسنگ اپارٹمنٹ بنانے کی بھی منظوری دی گئی.سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں سرینہ چوک خیابان سہروردی/کنونشن سینٹر سری نگر ہائی وے منصوبے اور جناح ایونیو/ 9th ایونیو جنکشن پر ٹریفک کے مسائل کے خاتمے کے منصوبوں کے لئے کنسلٹنٹ  کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری بھی دی گئی. اسی ڈی اے بورڈ نے اسلام آباد میں جاری تمام منصوبوں میں کام کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لئے تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ رکھنے کی منظوری بھی دی

مزیدخبریں