پشاور(بیورو رپورٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے محکمہ ڈاک میں صارفین اور ڈیڈ اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی خورد برد کرنے والے 4 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق 3 کروڑ روپے سے زائد رقم کی کرپشن کے معاملے میں پوسٹل ڈیپارٹمنٹ ایبٹ آباد کے 4 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد نے ایک کارروائی میں کرپشن میں ملوث پوسٹل ڈیپارٹمنٹ ایبٹ آباد کے چاروں ملازمین کو گرفتار کیا۔گرفتار افراد کی شناخت حفیظ، وحید،حمید اور خلیل کے نام سے ہوئی جو پوسٹل ڈیپارٹمنٹ ایبٹ آباد کے ملازمین ہیں۔ ملزمان کو سپیشل جج سینٹرل اینٹی کرپشن ایبٹ آباد کی عدالت سے ضمانت منسوخ ہونے پر گرفتار کیا گیا۔