اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ہزار زرعی گریجویٹ کو اعلیٰ تعلیم اور تربیت کے لیے چین بھیجے گا،تربیت زراعت اور خوراک کی حفاظت میں مخصوص مہارتوں کا احاطہ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو منسٹر کونسلر، ایمبیسی آف پیپلز ریپبلک آف چائنا ڑوہینگ تیان سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کا مقصد پاکستانی زرعی گریجویٹس کو چین بھیجنے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینا تھا ، مذکورہ اسکالرشپ کا اعلان وزیر اعظم پاکستان کے حالیہ دورہ چین کے دوران کیا گیا تھا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ اسکالرشپ کا بنیادی مقصد خوراک اور زرعی شعبوں میں پاکستانی گریجویٹس کی صلاحیت اور مہارت کو بڑھانا ہے، طالب علموں کو جدید زرعی طریقوں اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ طلباء چین میں زراعت میں جدت اور جدید تحقیق سیکھیں گے، تربیت زراعت اور خوراک کی حفاظت میں مخصوص مہارتوں کا احاطہ کرے گی۔رانا تنویر نے کہاکہ طلباء کو پورے پاکستان سے منتخب کیا جائے گا، بلوچستان کے طلباء کو ترجیح دی جائے گی، کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اسکالرشپ پروگرام کو نافذ کریگا۔
پاکستان ایک ہزار زرعی گریجویٹ کو اعلیٰ تعلیم کیلئے چین بھیجے گا، رانا تنویر حسین
Jul 13, 2024