اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات عالمی امن اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون اور رابطوں کا فروغ دونوں ممالک کی عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات ہنگری کے سفیر مسٹر بیلا فازیکاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ اسپیکر نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہو گا ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں قائم پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس دونوں پارلیمانوں میں رابطوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور دیگر اقتصادی و سماجی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ہنگری کے سفیر نے ہنگری کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے، ہنگری پاکستان کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیّت دیتا اور انہیں مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی کو ہنگری کے اسپیکر کی جانب سے پارلیمانی وفد کے ہمراہ ہنگری کا دورہ کرنے کا دعوت نامہ پیش کیا۔سفیر نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی اور ثقافتی وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور ہنگری کے تعلقات عالمی امن اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں، ایاز صادق
Jul 13, 2024