ترجمان وزیراعظم ہاوس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ 37 ماہ کے قرض پروگرام پر آمادگی کا اظہار کیا ہے جس کے تحت پاکستان کو 7 ارب ڈالر ملیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے معاشی تحفظ کیلئےتلخ اور مشکل فیصلے کئے، مشکل فیصلوں کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں، پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال سے نکالنے میں آئی ایم ایف معاہدہ اہم ثابت ہوا، مشکل وقت میں ساتھ دینے پر آئی ایم ایف کے مشکور ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت معیشت کو بہتر بنانے کے لئے اولین بنیادوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے، آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان میں مالیاتی اور مانیٹری پالیسی کو مضبوط بنانے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ ٹیکس بیس کو وسیع کیا جائے گا، گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے اور معاشی استحکام کو فروغ حاصل ہوا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت تمام معاشی ٹیم اور صوبائی وزراء اعلی کی کاوشوں کو سراہتے ہیں، نیا قرض پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام کا باعث بنے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ انشاءاللہ قرض سے نجات اور معاشی خوشحالی کا دور جلد آئے گا، پاکستان کو استحکام سے مضبوط اور پائیدار بحالی کی طرف لے جانا ہمارا عزم ہے، کامیابی اس روز ہوگی جس دن ہم قرض سے نجات پائیں گے، حکومت معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے، ان اقدامات سے ملک کی اقتصادی بنیادوں کو مضبوط کرنے اور شہریوں کے لئے پائیدار ترقی اور خوشحالی کی راہیں متعین کرنے میں مدد ملے گی۔
حکومت پالیسی ریفارمز اور مالیاتی اہداف پر سختی سے کاربند ہو کر ملک کے کم آمدن والے طبقے کا سہارا بنی،ہم نے معیشت میں بہتری کے لئے ایکسچینج ریٹ کو مستحکم کیا، پائیدار گروتھ حاصل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے، پاکستان کو استحکام کے مرحلے سے آگے بڑھ کر طاقتور معیشت کی طرف جانا ہوگا، انشاءاللہ ہمارے اقدامات سے معاشی ترقی کا سفر مکمل ہوگا۔
بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ہیڈکوارٹر زآمدہوئی،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، علی پرویز ملک اور چیئرمین ایف بی آر نے وزیراعظم کا استقبال کیا ، وزیراعظم نے ایف بی آر میں یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، ایف بی آر کی آٹومیشن اور ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم کی ویب بیسڈ ون کسٹمز سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے فوری 2 ارب روپے جاری کرنے کی ہدات، وزیراعظم کو ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دہ گئی۔
مشکل وقت میں ساتھ دینے پر آئی ایم ایف کے مشکور ہیں:شہباز شریف
Jul 13, 2024 | 15:03