ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے دو میجرز سمیت چھ اہلکاروں کوگرفتاری کے بعد عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش نہ کرنے پر متعلقہ پولیس افسران کو پندرہ جون کو طلب کرلیاہے۔

گزشتہ روز عبوری ضمانتیں خارج ہونےکے بعد سیشن جج رشید قمر نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے دو میجراورایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت چھ اہلکاروں کو پولیس کی تحویل میں دیا تھا۔ ملزمان کواڑتالیس گھنٹے گزرنے کے باوجود ریمانڈ کے لیے جج کے روبرو پیش نہیں کیا گیا۔ادھر اینٹی نارکوٹکس فورس کے تشدد سے جاں بحق نوجوان ذوالفقار کی والدہ نے عدالت کو درخواست دی ہے کہ پولیس جان بوجھ کر ان اہلکاروں کی گرفتاری نہیں ڈال رہی۔ صغریٰ بی بی نے موقف اختیار کیا ہے کہ فورسز کی جانب سے ان پر صلح کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ جس پر عدالت نے متعلقہ پولیس افسران کو پندرہ جون کو طلب کرلیا ہے۔ دوسری جانب ایڈیشنل ایس پی علی جاوید نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف ثبوت کی کمی ہے اس لیے قانون کے مطابق گرفتاری التواء میں رکھی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ثبوت ملنے پر قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سے کسی صورت رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن