تاجرکے قتل اور بھتہ خوری کے خلاف کراچی میں تاجروں کی جانب سے آج مکمل ہڑتال، تمام بڑے تجارتی مراکز بند۔

بھتہ خوری اور تاجر کے قتل کے خلاف کراچی تاجر اتحاد کی اپیل پر آج شہر میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے، ہڑتال کے باعث تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔ دوسری جانب کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی تاجروں سے اظہار یکجہتی کیا ہے جس کے بعد شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے اور سڑکیں سنسان دکھائی دے رہی ہیں جبکہ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیور منہ مانگے کرائے وصول کررہے ہیں۔ادھر سٹی ایریا،جوڑیا بازار، بولٹن مارکیٹ، کھارا در، صرافہ بازار، صدر، جامع کلاتھ، الیکٹرانکس مارکیٹ، بابر مارکیٹ لانڈھی، سپر مارکیٹ، لیاقت آباد، حیدری اور طارق روڈ سمیت تمام علاقوں میں مکمل شٹر ڈاؤن ہے۔ہڑتال کے باعث شہر کے بیشتر پٹرول پمپ اور سی این جی اسٹیشن بھی بند ہیں جبکہ جامعہ کراچی اور انٹر بورڈ اور ٹیکنیکل بورڈ کے زیر اہتمام آج ہونے والے پرچے بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ہڑتال کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے جبکہ اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز شیر شاہ کباڑ مارکیٹ میں ایم کیو ایم کے سابق رکن اسمبلی شاکر علی کے بھائی کو گودام میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا جس کے خلاف کراچی تاجر اتحاد نے آج ہڑتال کی اپیل کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن