اسلام آباد+حافظ آباد + جلالپور بھٹیاں (آن لائن+ نوائے وقت نیوز + نامہ نگاران) الیکشن کمشن نے حلقہ این اے 103 حافظ آباد کے انتخابات کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دے دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے ہارنے والے امیدوار شاہد حسین بھٹی نے جیتنے والے آزاد امیدوار لیاقت عباس بھٹی کی کامیابی کو الیکشن کمشن میں چیلنج کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ این اے 103 میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے لہٰذا اس تمام حلقے میں الیکشن کالعدم قرار دیا جائے اور دوبارہ پولنگ کروائی جائے۔ بدھ کو الیکشن کمشن نے دائر درخواست پر سماعت مکمل کرنے کے بعد اس حلقے کا نتیجہ کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دے دیا اور فیصلہ میں کہا کہ حلقے میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے ثبوت ملے ہیں لہٰذا اس حلقے میں دوبارہ پولنگ ہو گی تاہم دوبارہ پولنگ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق الیکشن کمشن نے این اے 103 کا انتخاب کالعدم قرار دے دیا اور فیصلہ سنا دیا چونکہ مذکورہ ضلع میں بدترین دھاندلی کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اس حلقہ سے آزاد حیثیت سے انتخاب لڑنے والے لیاقت عباس بھٹی نے گیارہ مئی کے انتخابات میں 76 ہزار 199 ووٹ حاصل کئے تھے اور پہلے نمبر پر تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میاں شاہد حسین بھٹی دوسرے نمبر پر رہے۔ جنہوں نے کل 75 ہزار 877 ووٹ حاصل کئے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے دھاندلی کےس کی سماعت تین مرتبہ کی اور مختلف لوگوں کی جانب سے ملنے والی شکایات پر بھی تفصیلی غور کیا۔ جس کے بعد مذکورہ حلقے میں کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری نہ ہو سکا اور نتائج کو روک دیا گیا تھا۔ الیکشن کمشن کو یہ بھی شکایت موصول ہوئی تھی کہ آزاد امیدوار لیاقت علی بھٹی نے 42 پولنگ سٹیشنوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی۔ دوبارہ انتخابات جولائی کے پہلے ہفتے یا عیدالفطر کے بعد ہونے کا امکان ہے۔ الیکشن کمشن نے دھاندلی پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر حافظ آباد اور 37 پریذائیڈنگ افسران کے خلاف مقدمے کا حکم دے دیا ہے۔ الیکشن کمشن نے صوبائی الیکشن کمشنر کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ الیکشن کالعدم قرار دینے کی خبر جلال پور بھٹیاں اور گرد و نواح میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، لوگ گھروں سے نکل آئے اور سڑکوں پر ڈھول کی تھاپ پر زبردست بھنگڑے ڈالے۔
دھاندلی : این اے 103 حافظ آباد کے انتخابات کالعدم ‘ ضلعی الیکشن کمشنر‘37 پریزائیڈنگ افسروں پر مقدمہ کا حکم
Jun 13, 2013