لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے پی آئی سی ادویات ری ایکشن کیس کی سماعت دو ہفتوں کےلئے ملتوی کرتے ہوئے متاثرین کو معاوضے کی رقوم کی ادائیگیوں کے حوالے سے حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی سماعت کے دوران افروز فارما کے مالک نادر افروز نے عدالت کوبتایا کہ وہ ادویات سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کے لواحقین کو تین لاکھ اور متاثرہ مریضوں کو پچاس ہزار فی کس کے حساب سے معاوضہ ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ معاوضہ کی پہلی قسط کے طور پر دو کروڑ روپے کی رقم عدالت میں جمع کرا دی جائے گی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ حکومت نے غیر قانونی طور پر انکی فیکٹری کو بند کر رکھا ہے عدالت اسے کھولنے کے احکامات صادر کرے جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔