اسلام آباد (ثنا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے گھمبیر حالات میں ملکی معاملات سے وزیراعظم کے غیرمتعلق رویے پر شدید مذمت کی ہے اور بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے نام خط پر انتہائی حیرت اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مودی کو خط لکھ کر کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کی۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنے حالیہ خط کے ذریعے بھارت سے تعلقات میں بہتری کے نام پر سخت گیر بھارتی وزیراعظم کی چاپلوسی میں مصروف ہیں اور اس حقیقت سے نظریں چرا رہے ہیں کہ ان کی تمام تر کوششوں کے باوجود بھارتی حکومت کی جانب سے کسی قسم کے مثبت جواب کے حصول میں یکسر ناکام رہے ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے بھارتی اسلحے کے استعمال کے واضح شواہد کے باوجود میاں نواز شریف کا بھارتی وزیر اعظم کے نام خط انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا خاندان برطانیہ کے بڑے سرمایہ کاروں میں شامل ہو چکا ہے۔ تحریک انصاف سیاست میں تمام کاروباری اور سیاسی خاندانوں کی سیاست میں اجارہ داری کے خلاف ہے۔
شیریں مزاری