روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و تشدد کے خلاف لاہور سمیت ملک بھر میں مظاہرے، ریلیاں

لاہور (اپنے نامہ نگار سے + نامہ نگاران + نامہ نگار خصوصی + نمائندہ خصوصی + نمائندہ نوائے وقت) روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و تشدد کے خلاف لاہور سمیت ملک بھر میں مظاہرے‘ ریلیاں۔ لاہور میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و تشدد کے خلاف پنجاب بار کونسل کی اپیل پر وکلاء نے ہڑتال کی وکلاء نے برما حکومت کے خلاف اقوام متحدہ اور او آئی سے کارروائی کا مطالبہ بھی کیا پنجاب بار کونسل کی اپیل پر ہونے والی ہڑتال کی اپیل پر لاہور کے وکلاء بھی سراپا احتجاج رہے اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وکلاء نے جنرل ہاؤس کے مذمتی اجلاس منعقد کئے اور جی پی او چوک میں ہائیکورٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ وکلاء رہنماؤں نے خطاب کرتے کہا عالمی تنظیموں کی خاموشی ناقابل فہم ہے مقررین نے برما کے مسلمانوں کا معاملہ عدالتی فورم پر اٹھانے کا مطالبہ کرتے کہا برما حکومت کو سخت پیغام دیا جائے۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ بار نے روہنگیائی مسلمانوں کے قتل عام پر میانمار حکومت کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اعلان لاہور ہائیکورٹ بار کے زیراہتمام برما کے مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف جنرل ہائوس کے اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں اللہ بخش گوندل ایڈووکیٹ کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار بیرسٹر محمد احمد قیوم ، میاں محمد احمد چھچھر ، ملک خالد اعوان ایڈووکیٹ ، عظمی رزاق ایڈووکیٹ اور کاشف محمد سلیمانی ایڈووکیٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے کہا روہنگیائی مسلمان کا مسلمان ہونا ان کا سب سے بڑا قصور ہے۔ ننکانہ صاحب میں پنجاب بار کونسل کی اپیل پر ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب ننکانہ صاحب کے وکلاء نے برما کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم اور ان کے قتل عام کے خلاف بطور احتجاج عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا اور کوئی بھی وکیل کسی بھی عدالت میں پیش نہ ہوا سائلوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا محمود حسین کھرل، جنرل سیکرٹری ملک علی عمران اعوان نے صحافیوں کو بتایا برما اور کشمیر کے بے گناہ مسلمانوں پر ہونے والے ظلم تاریخ کی بدترین مثال ہے۔ برما میں مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف گزشتہ روز لاہور بار ایسوسی ایشن نے ہڑتال کرکے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جس کے باعث لاہور کی ماتحت عدالتوں میں زیر سماعت18 ہزار سے زائد مقدمات اور دعویٰ جات التوا کا شکار ہوئے جبکہ سینکڑوں سائلین مرد و خواتین کو انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔صدر لاہور بار ایسوسی ایشن چوہدری اشتیاق احمد خاں نے کہا ہے برما میں مسلمانوں کا قتل عام کرکے ان کی نسل کشی کی جا رہی ہے لیکن اس پر عالم اسلام کی خاموشی ان کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے پاکستان جو کہ عالم اسلام میں واحد نیو کلیئر پاور ہے اسے چاہئے کہ وہ اپنا مثبت کردار داد کرے۔ لیگل ایجوکیشن کمیٹی پنجاب بار کونسل رانا انتظار حسین نے کہا برما میں مسلمانوں پر ہو نے والے ظلم و جارحیت کے خلاف ہڑتال کر کے برما کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا ہے مدثر چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا حکمران خاموش کیوں ہیں اور دوسر ے اسلامی ممالک کہاں ہیں۔چوہدری ارشاد گجر، غلام مجتبے چوہدری اور تمام وکلاء نے سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا تمام مسلم ممالک ہوش کے ناخن لیں۔ لاہور میں مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ایم این اے کی اپیل پر جمعیت کے زیراہتمام ملک بھر کی اہلحدیث مساجد میں روہنگیا مسلمانوں پر برمی حکومت کے انسانیت سوز مظالم پر جمعہ کے دوران احتجاجی قراردادوں اور بعدازاں مساجد کے باہر مظاہروں کے دوران شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ تحریک دعوت توحید کے سربراہ میاں محمد جمیل کی اپیل پر برما کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں ملک گیر یوم یکجہتی منایا گیا۔ کریم بلاک اقبال ٹاؤن لاہور میں جامعہ أبی ہریرہ کے باہر نماز جمعہ کے بعد برما کے مسلمانوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر میاں محمد جمیل نے کہا کہ اقوام متحدہ برما میں مسلمانوں پر مظالم کا نوٹس لے۔ ورلڈ پاسبان ختم نبوت نے برمی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کے خلاف مختلف شہروںکے قتل عام کے خلاف مظاہرے اور جلوس و ریلیاں نکالیں۔ لاہور میں ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے سینکڑوں ورکرز نے جامع مسجد سیدہ فاطمہ الزہرا سے ورکشاپ چوک گلبرگ تک ریلی نکالی۔جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر میانمار میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا ایک قرارداد میں علماء نے میانمار میں مسلمانوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی درندگی قرار دیا۔شیخوپورہ میں نامہ نگارخصوصی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ زین ندیم کی قیادت میں سینکڑوں شہریوں نے برما میں مسلمانوں ہر ہونے والے مظالم کے خلاف پریس کلب چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا، بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے شیخ زین ندیم نے برما میں مسلمانوں پر ہونے والے دردناک مظالم اور ان کی نسل کشی کے خلاف شدید احتجاج کرتے مطالبہ کیا ہے حکومت پاکستان فوری طور پر برما کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی روک تھام کے خلاف بھرپور آواز بلند کرتے ہوئے اسلامی سربراہی کانفرنس بلانے کے لئے مسلم ممالک سے رابطے کرے برما میں بدھسٹ دہشت گرد تنظیم ویرانتھو سمیت 970 تنظیمیں مسلمانوں کا قتل عام کر رہی ہیں۔ گوجرانوالہ میں سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی خصوصی ہدایت پر برما کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں، جلسے، جلوس، سمینار، مظاہرے منعقد کئے گئے اس موقع پر دفتر سنی تحریک ایمن آبادی گیٹ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ تا سیالکوٹی دروازہ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت صاحبزادہ پیر محمد داؤد رضوی، ضلعی رہنما سنی تحریک قاری بوٹا جٹ، ضیاء اللہ قادری، چوہدری محمد اقبال ہنجرائ، قاری محمد فیصل اقبال سلطانی، غلام دستگیر خان، چوہدری محمد عدیل مہر، طارق قریشی ایڈووکیٹ، کتاب اللہ جان، مولانا محمد رفیق احمد رضوی، حافظ محمد طاہر رضا قادری، نامور صحافی و قالم نگار شیخ محمد ندیم، پیر محمد شاکر، قاری احمد رضا جماعتی و دیگر نے کی اقوام متحدہ، یورپی ممالک کا برما کے مسلمانوں کے تحفظ اور بدھ مذہب دہشت گردوں کو لگام نہ دینا مسلمانوں سے تعصب ہے۔ قصور میں انجمن تاجران وتحریک انصاف کے زیراہتمام برما کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی، مقررین نے برما کے مسلمانوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی، ظہور شاہین روپال نے کہا مسلمانوں کو متحد ہونے کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے قبل کبھی نہ تھی، ڈاکٹر منیر اے ملک نے کہا کہ برما کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، محمد تاشفین ٹیپو نے کہا قرارداد پیش کی کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ برما کے مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ، یو این او، او آئی سی سے بھرپور احتجاج کرے برما کے مسلمان مسلم حکمرانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن