اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) انکوائری کمشن نے سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش باروزئی کو بطور گواہ طلب کرتے ہوئے طلبی کے نوٹس جاری کر دئیے۔ پیر کو ان پر جرح کی جائے گی۔ نواب غوث بخش الیکشن 2013ء میں نگران وزیراعلیٰ تھے اور انہوں نے کوئی کابینہ تشکیل دئیے بغیر ہی حکومت کی۔ کمشن نے نگران وزیراعلیٰ کے علاوہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر پنجگور مراد علی بلوچ، صوبائی حلقہ پی پی 35 خضدار کے ریٹرننگ افسر نصیر میروانی اور حلقہ پی بی 4 کوئٹہ کے ریٹرننگ افسر شکیل احمد کو بھی گواہی کیلئے طلب کر لیا۔ یہ کارروائی بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل اور عوامی کی درخواست پر کی گئی۔ بی این پی مینگل نے 13 گواہوں کی فہرست پیش کی تھی جن میں اختر مینگل کے قومی حلقہ واقع خضدار کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر بھی شامل تھے تاہم انکوائری کمشن نے صرف چار گواہوں کو طلب کرنا مناسب سمجھا۔