لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے تصدیق کی ہے کہ زمبابوے کے ساتھ رقم کی ادائیگی کا معاہدہ طے پایا تھا لیکن انہوں نے افریقی ٹیم کو دورہ پاکستان کے لیے رشوت دینے کے دعوو¿ں کو غلط قرار دیدیا۔انہوں نے کہاکہ زمبابوین بورڈ سے محض ایک معاہدہ تھا لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم پاکستان کا دورہ کرنے والی ہر ٹیم کو رقم کی ادائیگی کریں گے۔ اب ہم اگست میں وہاں کا جوابی دورہ کریں گے۔ ہم نے جس ٹیم کی میزبانی کی، اب وہ ہماری میزبانی کرے گی۔ یہ انتہائی سیدھا معاملہ ہے۔شہریار نے کہا کہ اب وقت ہے کہ اس سیریز کی مثبت چیزوں پر توجہ دی جائے اور زمبابوے کا دورہ عالمی کرکٹ برادری کا اعتماد بھی بحال کرے گا۔تمام میچ عوام سے کھچا کھچ بھرے گراو¿نڈ میں کھیلے گئے، ٹکٹوں کی فروخت سو فیصد تھی اور ہم نے اس سے اچھا خاصا منافع بھی حاصل کیا۔ زمبابوین کھلاڑیوں نے ہمیں بتایا کہ انہیں اس سے قبل کسی بھی ملک میں اس طرح نہیں سراہا گیا، یہ سیریز اچھے ماحول میں کھیلی گئی اور اس نے سکیورٹی خدشات ختم کر دیے۔یہ سیریز مستقبل میں پاکستان سپر لیگ کے انعقاد میں بھی معاون ثابت ہو گی۔شہریار کان نے تصدیق کی کہ بورڈ اس وقت سری لنکن حکام سے ممکنہ دورے کے حوالے سے رابطے میں ہے اور سری لنکن کرکٹ کے سربراہ کے بیان کو دیکھتے ہوئے اس دورے کے انتہائی روشن امکانات ہیں۔ ہم سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے پرامید ہیں لیکن ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
زمبابوے کرکٹ ٹیم کو دورہ کیلئے دی گئی رقم رشوت نہیں تھی : شہر یار
Jun 13, 2015