وزیر اعظم جلا وطن ہیں، ملک انٹرنیٹ پر چل رہا ہے: شیخ رشید

Jun 13, 2016

اسلام آباد (آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اس وقت وزیراعظم 'جلا وطن' ہیں جبکہ ملک انٹرنیٹ پر چل رہا ہے۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان حالات میں فوج فیصلے کرنے والی ہے، لیکن سیاستدانوں کی وجہ سے وہ کوئی واضح فیصلہ نہیں کر پا رہی۔انھوں نے موجودہ حالات میں سب سے بڑا مسئلہ قیادت کے فقدان کو قرار دیا۔شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ اس مرتبہ چھوٹی عید اور بڑی عید کے درمیان عوامی عید ہوگی، لیکن کوئی ڈیڈلائن اس کیلئے نہیں دے سکتا، کیونکہ اس دوران کوئی حادثہ بھی ہوسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ ملک میں فیصلے کون کر رہا ہے اور حال ہی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ہونے والے ملاقات میں فوج نے حکومت سے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔انھوں نے نواز شریف کی بیماری کو اداکاری قرار دیا اور کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسا مریض نہیں دیکھا جو اوپن ہارٹ سرجری کے فوراً بعد خود سے سیڑھیاں اتر کر نیچے آئے۔ پانامہ لیکس میں ہونے والے انکشافات کے بعد موجودہ بحران پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کو صرف سڑکوں پر آکر ہی حل کیا جاسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ پہلے سے معلوم تھا کہ ٹی او آرز پر بننے والی کمیٹی بے نتیجہ رہے گی، کیونکہ ابھی تک دونوں طرف ڈیڈ لاگ برقرار ہے۔ شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر عمران خان باہر نہیں نکلے تو ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

مزیدخبریں