کراچی ( نیوز رپورٹر)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے دعوت ا فطار کا اہتمام کیا گیا،جس میں جعفریہ الائنس کے سر براہ علامہ عباس کمیلی ، مرکزی تنظیم عزا کے رہنما سلمان مجتبیٰ ، ایڈووکیٹ شبر رضا ، شیعہ علماء کونسل کے پولیٹیکل سیکرٹری یعقوب شہباز ، آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر علی اویس زیدی،مولانا نسیم حیدر،صحافی برادری ،سابقین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر علامہ عباس کمیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ و عرب ممالک قطر کے خلاف گھیرا تنگ کر رہے ہیں، پاکستان کے مسلمان مشکل کی اس گھڑی میں کڑے وقت میں قطر کی عوام کے ساتھ ہیں ۔علامہ عباس کمیلی نے سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں امن کی فضا برقرار ہے جو قابل تحسین بات ہے ،اس کو قائم رکھنے کے لیے مزید مئوثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یومِ علیؑ کے موقع پر مجالس عزا اور جلوس کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر علی اویس کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہر جمعۃ الوداع کو یوم القدس ریلی کا انعقاد کیا جائے گا،جو نمائش چورنگی سے شروع ہوگی اور تبت سینٹر پر اختتام پذیر ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ریلی میں شرکت کی دعوت دی جائے گی اور ظالم غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔