ملتان (سپورٹس ڈیسک) کپتان سرفراز احمد اور شعیب ملک کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو پہلے ٹی20 میچ میں 48 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ایڈن برگ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 33رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد احمد شہزاد 14رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔فخر زمان ڈراپ کیچ کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور 15 گیندوں پر 21رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر کو کیچ دے کر پویلین کی راہ لی۔حسین طلعت کا ساتھ دینے کپتان سرفراز احمد آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 41رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا مجموعہ 87تک پہنچا دیا جس کے بعد 18رنز بنانے والے حسین کی اننگز تمام ہوئی۔سرفراز کا ساتھ دینے تجربہ کار شعیب ملک آئے اور دونوں نے حریف ٹیم کی ناتجربہ کاری کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 49گیندوں پر 96رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کے بڑے مجموعے کی راہ ہموار کی۔شعیب ملک 27گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 53رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن دوسرے اینڈ سے کپتان سرفراز احمد نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کی بدولت پاکستان نے 200رنز کا ہندسہ عبور کیا۔سرفراز نے 49 گیندوں پر 3 چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 89رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز کا ہندسہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کے اوپنرز جیورج منسے اور کائل کوئٹزر نے ٹیم کو 5اوورز میں 53رنز کا شاندار آغاز فراہم کر کے پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔تاہم اس موقع پر حسن علی نے 25رنز بنانے والے منسے کو پویلین رخصت کر کے پاکستان کو اہم کامیابی دلا کر اسکاٹ لینڈ کو پہلا نقصان پہنچایا۔اس کے بعد اسکاٹ لینڈ کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور کوئی بھی بلے باز پاکستانی باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا۔107 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد مائیکل لیسک اور ڈائلن بج نے 43 رنز کی شراکت قائم کر کے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن بڑھتے رن ریٹ کے سبب ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور ڈائلن بج 24رنز بنا کر عامر کو وکٹ دے بیٹھے۔اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا سکی، لیسک 38 اور کوئٹزر 31 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔پاکستان نے میچ میں 48رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز میں 1-0 کی برتری بھی حاصل کر لی۔پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹیں لیں جبکہ عامر اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔سرفراز احمد پلیئر آف دی میچ قرار پائے،دوسرا ٹی20آج کھیلا جائیگا۔میچ کا آغاز شب 8بجے ہوگا۔
پہلاٹی 20 :سرفرازاورشعیب کی جارحانہ بیٹنگ، پاکستان نے سکاٹ لینڈ کوہرادیا
Jun 13, 2018