ایڈن برگ (اے پی پی)پاکستانی ٹیم کے سٹار آل رائونڈر شعیب ملک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے چوتھے بلے باز بن گئے، انہوں نے منگل کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور 27 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیل کر سابق سری لنکن بلے باز تلکارتنے دلشان اور افغانستان کے محمد شہزاد کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ دلشان نے 1889 اور شہزاد نے 1906 رنز بنا رکھے تھے جبکہ شعیب ملک نے 97 میچز میں 1940 رنز بنا لئے ہیں، ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز مارٹن گپٹل کو حاصل ہے جنہوں نے 2271 رنز بنا رکھے ہیں، برینڈن میک کولم 2140 رنز بنا کر دوسرے‘ ویرات کوہلی 1983 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ شعیب ملک نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں چھکوں کی نصف سنچری مکمل کر لی۔ وہ یہ اعزاز پانے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے، انہوں نے منگل کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز میں 5 چھکے لگا کر چھکوں کی ففٹی مکمل کر کے یہ اعزاز حاصل کیا، شعیب ملک نے 51 چھکے لگا رکھے ہیں، شاہد خان آفریدی 73 چھکوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، عمر اکمل 55 چھکوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں زیادہ چھکے لگانے کا عالمی اعزاز مشترکہ طور پر کرس گیل اور مارٹن گپٹل کو حاصل ہے، دونوں نے 103 چھکے لگا رکھے ہیں۔