دبئی /ہرارے(آئی این پی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے زمبابوے کرکٹ کے ڈائریکٹر اینوک ایکوپ کو عبوری طور پر معطل کردیا ہے جہاں ان پر اینٹی کرپشن کی 3شقوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔2015سے ہرارے میٹرو کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے منصب پر فائز ایکوپ کھیل کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب سے معطل کیے جانے والے دوسرے زمبابوین آفیشل ہیں اور ان سے قبل راجن نائر پر 20سال کی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔نائر ہرارے کی میٹرو پولیٹن کرکٹ ایسوسی ایشن کے خزانچی اور مارکیٹ ڈائریکٹر تھے اور انہوں نے گزشتہ سال زمبابوے کے کپتان گریم کریمر کو 30ہزارڈالر کے عوض میچ فکس کرنے کے الزامات کو تسلیم کیا تھا۔ایکوپ پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن قوانین کی تین شقوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے جہاں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے تعاون نہیں کیا، اینٹی کرپشن کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالیں۔تاہم ابھی تک۔آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایکوپ کے پاس ان الزامات کے جواب دینے کے لیے 11جون 2018 سے 14دن کا وقت ہے۔