لاہور (نیوز ڈیسک) انتہا پسند ہندو تنظیم وشوا ہندو پریشد کے درجنوں کارکنوں نے آگرہ میں تاریخی عجوبے تاج محل کے مغربی دروازے کو حملہ کرکے منہدم کردیا۔ اس دوران پولیس اور ’’آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا‘‘ کے اہلکار دن دیہاڑے اس غنڈہ گردی پر تماشا دیکھتے رہے۔ بتایا گیا ہے کہ آگرہ میں دریائے جمنا کے کنارے بسائی گھاٹ جہاں تاریخی عجوبے تاج محل کا مغربی گیٹ واقع ہے، ہاتھوں میں ہتھوڑے، بیلچے اور راڈ لئے درجنوں وی ایچ پی کارکن آدھمکے اور گیٹ کو منہدم کردیا۔ پولیس اطلاع کے باوجود موقع پر نہیں پہنچی۔ تاہم بعد میں گونگلوئوں سے مٹی جھاڑنے کیلئے 25 حملہ آوروں روی دوبے، مدن ورما، موہت شرما وغیرہ کیخلاف مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے۔ وشوا ہندو پریشد کے مطابق تاج محل کے مغربی گیٹ سے ان کے 400 سال پرانے شیوا مندر کا راستہ رک رہا ہے لہٰذا انہوں نے اس گیٹ کو گرا دیا۔ وی ایچ پی رہنما روی دوبے نے کہا کہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا ہندو تہذیب و ثقافت کا ہر نشان مٹا رہا ہے۔ اسی لئے یہ گیٹ اور ٹکٹ گھر بنوا کر مندر کا راستہ بند کیا ہم یہ برداشت نہیں کریں گے۔