پشاور(صباح نیوز)پشاورسمیت صوبے بھر میں عید الفطر قریب آنے پر سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ بازاروں میں بڑھتے ہوئے رش کو دیکھتے ہوئے بیشتر راستے بھی ٹریفک کیلئے بند کئے گئے ہیں ۔اندرون شہر گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ خواتین بازاروں میں مردوںکا داخلہ بھی روک دیاگیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پشاورپولیس نے عید الفطر قریب آتے ہی شہر میں سیکورٹی انتہائی سخت کر دی ہے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔پولیس کو بازاروں میں رش کی وجہ سے مشکوک افراد اور جیب کتروں سمیت دیگر جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔دوسری جانب پشاورکے شہری علاقوں میں قائم بازاروں میں بڑھتی ہوئی خریداری کے پیش نظر ٹریفک کا داخلہ بند کر دیاگیا ہے جبکہ خواتین کے بازاروں میں مردوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے ۔عیدا لفطر کے موقع پر امدادی ادارے 1122کے اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہے اور اہلکار عید کے دوران فرائض سرانجام دیتے رہیں گے ۔