ڈالر ،پٹرول مہنگا ،سابق حکومت کے سیاہ کرتوت بے نقاب ہورہے ہیں: پرویز الٰہی

Jun 13, 2018

گجرات ( نامہ نگار) ق لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے روپے کے مقابلہ میں ڈالر کی ریکارڈ بلند ترین قیمت، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور ملک بھر میں بجلی کی نایابی کو سابق حکومت کے اقدامات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کے سیاہ کرتوت بے نقاب ہو رہے ہیں۔وہ گجرات میں دعوت افطار سے خطاب کر رہے تھے جس میں مسلم لیگی رہنمائوں و کارکنوں کے علاوہ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ کے نااہل حکمرانوں نے اپنے ادوار میں فوج اور عدلیہ کے خلاف جو کچھ کر سکتے تھے کیا وہ قیمے والے نان کھلا کر سپریم کورٹ پر حملے تک کراتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے نام نہاد دعویداروں نے حالیہ 5 سال میں ملک و قوم کے ساتھ جو ظلم کیا اس کے نتائج اب سامنے آ رہے ہیں، ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ سے نہ صرف غیر ملکی قرضوں میں اربوں ڈالر کا اضافہ ہو گیا ہے بلکہ یورو، پائونڈ، ریال اور درہم سمیت تمام کرنسیوں کے مقابلہ میں روپے کی قیمت گر گئی ہے جس سے ملک میں مہنگائی اور نہ صرف بیروزگاری کا نیا طوفان آ رہا ہے بلکہ ملکی معیشت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب زیادہ شرح سود پر اندھا دھند قرضے لینے، غیرپیداواری، نمائشی اور خسارہ کے منصوبوں کو ترجیح دیتے اور ملکی برآمدات میں کمی کا نتیجہ ہے، نا اہل حکمران 5سال میں ملکی ترقی اور معیشت میں بہتری کے جو بلند و بانگ دعوے کر رہے تھے وہ ترقی اور بہتری کہاں ہے، یہ تو عوام اور ملک و قوم کی خدمت کے بجائے اپنے اس دور میں بھی پاک فوج کے خلاف نت نئی سازشوں اور عدلیہ کو بدنام اور کمزور کرنے میں مصروف رہے جس کی سزا عوام کو مل رہی ہے۔#

مزیدخبریں