الیکشن سے قبل بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں میں چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو تبدیل کردیا گیا، امجد سلیمی کو سند ھ ، کلیم امام کو پنجاب،محمد طاہر کو خیبرپختونخوا اور محسن بٹ کو آئی جی بلوچستان تعینات کر دیا گیا،پنجاب میں ایڈیشنل ہوم سیکریٹری اعظم سلمان کو چیف سیکریٹری سندھ اور وفاقی سیکریٹری اکبرد رانی پنجاب کا چیف سیکریٹری لگایا گیا ۔ بیورو کریسی میں اعلی سطح پر تقرر و تبادلوں کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی)پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کی جگہ امجد سلیمی کو نیا آئی جی لگانے کی منظوری دی گئی ہے، امجد سلیمی اس وقت موٹروے پولیس سربراہ کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں، کہ پنجاب میں عارف نواز کی جگہ کلیم امام کو آئی جی تعینات کیا گیا ہے۔خیبرپختونخوا میں صلاح الدین محسود کا تبادلہ کرکے محمد طاہر کو نیا آئی جی خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا ہے جب کہ آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری کی جگہ محسن بٹ کو پولیس سربراہ لگایا گیا ہے۔اس کے علاوہ جودت ایاز کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا چیف کمشنر تعینات کیا گیا اور جان محمد کو آئی جی اسلام آباد لگایا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں ایڈیشنل ہوم سیکریٹری کی ذمہ داریاں انجام دینے والے اعظم سلمان چیف سیکریٹری سندھ تعینات کیے گئے ہیں اور وفاقی سیکریٹری اکبرد رانی پنجاب کا چیف سیکریٹری لگایا گیا ہے۔نوید کامران بلوچ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ہوں گے جب کہ ڈاکٹر اختر نذیر کو بلوچستان کا چیف سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔ بیورو کریسی میں اعلی سطح پر تقررو تبادلوں کا فیصلہ نگران وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی کے درمیان آج ہونے والی ملاقات میں کیا گیا جب کابینہ نے ان تبادلوں اور تقرریوں کی منظوری بھی دے دی ہے۔
نگران حکومت نے چاروں صوبوں کےچیف سیکریٹری اورآئی جی تبدیل کردیئے، نوٹی فکیشن جاری
Jun 13, 2018 | 18:03