لاہور( نیوز رپورٹر+ این این آئی)پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج( جمعرات ) کو سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا جبکہ آئندہ مالی سال 2019-20ء کا بجٹ کل ( جمعہ) کو پیش کیا جائے گا ۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔اجلاس کے دوران پنجاب اسمبلی کے اطراف کی شاہراہیں عام ٹریفک کیلئے بند ہوں گی جبکہ قریبی عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے۔ اجلاس سے قبل پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس ہوں گے جس میں اجلاس کیلئے حکمت عملی طے کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے بجٹ اجلاس کے موقع پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اجلاس گرما گرم رہنے کا امکان ہے ۔ دوسری جانب حکومت نے بجٹ میں اراکین کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کر لی ہے اور تمام اراکین کو آج جمعرات ہر صورت لاہور پہنچنے اور بجٹ کی منظوری تک لاہور شہر سے باہر نہ جانے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ دریں اثناء وزیر قانون ،پارلیمانی امور و بلدیات راجہ بشارت نے پنجاب اسمبلی میں پری بجٹ سیشن بریفنگ میں کہا کہ 14 جون کو پنجاب کا بجٹ پیش کیا جائے گا،پنجاب اسمبلی قانون سازی میں سب سے آگے، 8 ماہ میں17 بل پاس کیے،وفاقی حکومت نے مشکل ترین حالات میں عمدہ دوست بجٹ پیش کیا۔ہماری ہرممکن کوشش ہے کہ پنجاب کا بجٹ بھی عوام دوست ہو۔مسلم لیگ ن کی حکومت کو 2008 میں 100 ارب خزانے میں دیے لیکن دس سال بعد پنجاب کو 2600 ارب کا مقروض چھوڑ گئے تھے ۔جس ملک کا وزیراعظم اپنے جہاز میں ملزم وزیر خزانہ کو بیرون ملک بھگا کر لے جائے، اس کی معیشت کا دیوالیہ نہیں تو اور کیا ہو گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر پراسیکیوشن چوھدری ظہیرالدین ، پارلیمانی سیکرٹری قانون سید عباس علی شاہ اور ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ بھی موجود تھیں ،راجہ بشارت کا مزید کہنا تھا کہ زرداری کا پیٹ پھاڑنے کا دعوٰی کرنے والا اب کس منہ سے اس کے پروڈکشن آرڈر کی سفارش کر رہا ہے ۔
پنجاب کا بجٹ کل پیش ہو گا‘ اپوزیشن نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا
Jun 13, 2019