لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر )پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سربراہ بریگیڈئیر (ر)خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری اولمپئن آصف باجوہ نے 10جون کو اولمپئنز فورم سے ملاقات کرنا تھی، اولمپئنز فورم کے سربراہ اولمپئن منظور جونیئر کی اہلیہ کی علالت کے سبب ہونے والے اس اجلاس کو ملتوی کر دیا گیا۔سابق کپتان اور اولمپئن نوید عالم کا کہنا ہے کہ اولمپئن منظور جونیئر قابل احترام ہیں ،البتہ انہوں نے اولمپئنز فورم کی سربراہی منظور جونیئر کو دینے پر سوال کیا کہ یہ کب اور کس نے طے کیا،البتہ وہ اس سوال کا بھی حوصلہ افزاء جواب نہ دے سکے۔ اولمپئن منظور جونیئرکا موقف تھا کہ وہ خود سربراہ نہیں بنے،انھیں بنایا گیا ہے،البتہ اگر ان کو کوئی نہیں مانتا تو یہ ان کا مسئلہ نہیں۔انہوں نے واضح کر دیا کہ وہ قومی کھیل ہاکی کو بحال کرنے کے مشن پر ہیں ،دوسری جانب اولمپئن فورم میں سیکرٹری اولمپئن آصف باجوہ کی اولمپئین حنیف خان ،اولمپئین منظور جونیئر اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے معطل سیکرٹری حیدر حسین سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کو لے کر بھی شدید تحفظات پائے جاتے ہیں۔واضح رہے رواں سال اپریل میں سابق اولمپئینز لاہور میں اکٹھے ہوئے تھے،جس کے کچھ عرصے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے اولمپئن شہباز سنیئر کو سیکرٹری کے عہدے سے ہٹا کر گھر بھیج دیا تھا۔اولمپئن آصف باجوہ کی دوسری مرتبہ بطور سیکرٹری کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان اولمپئنز کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا،جو فیڈریشن میں کسی عہدہ ملنے کے منتظر تھے۔دوسری جانب اولمپئنز فورم کے سربراہ اولمپئن منظور جونئیر سے سابق اولمپئنز کے اختلافات کی وجہ ان کی سیکرٹری آصف باجوہ سے ملاقات کو قرار دیا جا رہا ہے۔