ایسا تعلیمی نظام درکار ہے جس کے ذریعے آنیوالے خطرات سے نبردآزما ہو سکیں: صدر علوی

اسلام آباد(سپیشل رپورٹ) اعلٰی تعلیمی شعبے کو تعلیمی اور تحقیقی اعتبار سے مزید مؤثر بنانے کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے بدھ کے روز نیشنل اکیڈمی آف ہایئر ایجوکیشن (NAHE) کی افتتاحی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیئرمین ہایئر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری، پنجاب کے صوبائی وزیر تعلیم راجہ ہمایوں سرفراز، وائس چانسلرز اور تعلیمی شعبہ کی اہم شخصیات کی بڑی تعداد نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان نے ایسا تعلیمی نظام وضع کرنے پر زور دیا کہ جس کے ذریعے موجودہ اور مستقبل میں درپیش خطرات سے نبرد آزما ہوا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے کل کا خواب تعلیمی ترقی کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل اکیڈمی آف ہایئر ایجوکیشن کو شعبہ تعلیم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحرک کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ مستقبل میں ہمیںگھمبیر مسائل کا سامنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن