لاہور (پ ر) تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ‘ چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد‘ جسٹس (ر) خلیل الرحمنٰ خان‘ پیر بشیر احمد اویسی ،میاں فاروق الطاف‘ سینیٹر ولید اقبال‘ چودھری نعیم حسین چٹھہ‘ کارکنان تحریک پاکستان کرنل (ر) محمد سلیم ملک‘ چودھری ظفر اﷲ خان‘ خواجہ خورشید وائیں‘ ایم کے انور بغدادی‘ میاں ابراہیم طاہر‘ بیگم ثریا خورشید‘ بیگم مہناز رفیع اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں مبلغ اسلام‘ بانی عالمی چادر اوڑھ تحریک اور سجادہ نشین آستانہ عالیہ چورہ شریف پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی نے اپنی زندگی اسلام اور پاکستان کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے تحریک نظام مصطفیٰؐ اور تحریک ختم نبوتؐ میں قائدانہ کردار ادا کیا۔ وہ زندگی بھر لوگوں کی اصلاح کا فریضہ انجام دیتے رہے اور ان کے پراثر بیانات سن کر ہزاروں افراد نے اپنی اصلاح کی۔ وطن عزیز پاکستان اور دنیا بھر میں مسلمان خواتین کو پردے کی ترغیب کیلئے عالمی چادر اوڑھ تحریک شروع کی جو بلاشبہ ان کا ایک عظیم کارنامہ ہے۔
سجادہ نشین آستانہ چورہ شریف پیر کبیر علی شاہ کے انتقال پر اظہار تعزیت
Jun 13, 2020