آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ 25 کروڑ سے بڑھا کر ایک ارب روپے کر دیا، فنکاروں کا خیرمقدم

Jun 13, 2020

لاہور(کلچرل رپورٹر) قومی بجٹ میں آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کی 25کروڑ روپے کی رقم کو بڑھا کر ایک ارب روپے کردیا گیا ہے۔ فنکاروں نے حکومت کے اس اقدام کا زبردست خیرمقدم کیا ہے۔ غلام محی الدین نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرٹسٹوں کی اس فنڈ سے مالی مدد ہوگی اور حقدار کو اس کا حق ملنا چاہیے۔ حکومت کو اس فنڈ کی تقسیم کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینی چاہیے جو مستحق فنکاروں تک یہ فنڈ پہنچائے۔ اس کمیٹی میں حکومتی ارکان کے ساتھ ساتھ فلم ٹی وی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو شامل کیا جائے۔ غلام محی الدین نے کہا کہ وہ صدر مملکت کے مشکور ہیں جو فنکاروںکے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ چیئرمین پنجاب تھیٹر اینڈ پروڈیوسرز ایسوسی ایشن قیصر ثناء اللہ خان نے آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ میں اضافے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ قیصر ثناء اللہ خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے غریب طبقے کا درد محسوس کرتے ہوئے ان کی بات سنی ہے۔ گلوکارہ میگھا نے صدر مملکت اور وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے ۔ وہ امید رکھتی ہیں کہ وفاق کے نقش قدم پر چلتے ہوئے صوبائی حکومتیں بھی فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے فنڈز میں اٍٍٍٍضافہ کریں گی۔ انہوں نے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے ان کا یہ مطالبہ حکومت تک پہنچایا۔چیئرمین پاکستان فلم ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن چودھری اعجاز کامران کہا کہ حکومت نے فنکاروں کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلم انڈسٹری کے بارے میں بھی حکومت احسن اقدام کرے گی۔

مزیدخبریں