اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )فنانس بل کے اندر سمگلنگ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں اس کے علاوہ دیگر نکات کے مطابق 350 ڈالر سے زیادہ مالیت کے موبائل فون پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ 350 ڈالر تک کے موبائل پر کوئی ٹیکس نہیں لاگو ہوگا۔ پانچ ہزار تک کی اشیاء کی درآمد پر کم ازکم ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا تاہم یہ رعایت قواعد کے تحت فراہم کی جائے گی۔ اشیاء کی کم یا زیادہ ویلیو ڈکلئیر کرنے پر کاروائی کی جائے گی۔ سمگلنگ کی تمام اشیاء ضبط کی جائیں گی اور سزائوں کو بڑھا دیا گیا ہے۔ ایک لاکھ سے تیس لاکھ روپے تک کی اشیاء کی سمگلنگ پر اشیاء ضبط ہوں گی اور دو سال قید بھی ہوگی۔ تیس سے پچاس لاکھ اشیاء کی مالیت کے دو گنا جرمانہ کے علاوہ تین سال تک سزا ہوگی۔ پچاس سے پچہتر لاکھ روپے تک اشیاء ضبط ان کی مالیت کا تین گنا جرمانہ اور پانچ سال قید ہوگی۔ پچہتر لاکھ سے ایک کروڑ روپے کی اشیاء کی برآمد پر اشیاء ضبط ویلیو کے چار گنا جرمانہ اور دس سال قید ہوگی۔ ایک کروڑ سے زائد مالیت کی اشیاء کی برآمدگی پر اشیاء ضبط مالیت کے پانچ گنا جرمانہ اور چودہ سال قید ہوگی ۔ سزاء کسی بھی صورت پانچ سال سے کم نہ ہوگی۔ غیر ملکی کرنسی،سونا ،چاندی اور قیمتی پتھروں کی سمگلنگ پر بھی سزا کو بڑھا دیا گیا ہے۔ دس ہزار ڈالر تک دو سال قید ، بیس ہزار ڈالر تک تین سال قید کی سزاء کے علاوہ کئی گنا جرمانے بھی ہوں گے۔ ایسا شخص جس پر لازم ہے کہ وہ ایف بی آر کے ساتھ معلوما ت کو شئیر کرے اور وہ انکار کرتا ہے تو پہلے انکار پر اس پر پچیس ہزار روپے اور دوسرے انکار پر پچاس ہزار جرمانہ ہوگا۔ ایس ای سی پی میں اگر کوئی پاکستانی رجسٹرڈ ہوتا ہے اور اس کے پاس بحری جہاز بھی موجود ہے تو وہ صرف ٹونیج تیکس دے گا جو پچہتر سینٹ فی ٹن سالانہ ہوگا۔ گین ٹیکس کا فارمولہ بھی طے کر دیا گیا ہے۔خریداری کے چار سال کے بعد پلاٹ یا جائیداد پیچنے پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔ بلڈرز ، کنٹریکشن کو آرڈیننس کے ذریعے دی جانے والی مراعات کو فنانس بل میں ڈال دیا گیا ہے۔ انکم ٹیکس کے قانون میں ایک ترمیم کی گئی ہے اگر کسی ٹیکس دھندہ کو انکم ٹیکس کا نوٹس جاتا ہے اور ٹیکس دھندہ خود اپنی طرف سے ایک اسسمنٹ بناتا ہے اور اپنا کیس سیٹل کرنا چاہتا ہے تو ایک کمیٹی معاملے کا جائزہ لے گی ۔ 350 سے پانچ سو ڈالر تک کے موبائل فون کی سی بی یو حالت پر تین ہزار ار ایس کے ڈی حالت پر پانچ ہزار ٹیکس لگے گا۔ پانچ سو ڈالر سے زائد مالیت کے موبائل پر سی بی یو حالت میں باون سو روپے اور ایس کے ڈی حالت میں گیارہ ہزار پانچ سو ٹیکس عائد ہوگا۔ بڑے گھروں پر فی کنال ٹیکس عاد کرنے کی تجویز ہے ،6000ہزار مربع فٹ سے زائد کے رہائشی گھر پر ایک لاکھ روپے فی کنال جبکہ8ہزار مربع فٹ سے زائد کے مکان پر دو لاکھ روپے کنال کے حساب سے ٹیکس کی تجویز ہے ۔