کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر کابھارت مخالف مظاہرہ

Jun 13, 2020

اسلام آباد (نیوزرپورٹر) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے زیر اہتمام وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ایک بھارت مخالف مظاہرہ کیاگیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جمعہ کو ہونے والے مظاہرے کااہتمام کورونا وائرس کی آڑمیں لاک ڈائون کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارتی فوجیوں کی طرف سے کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کے خلاف کیاگیا تھا۔اس موقع پر مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کنٹرول لائن کے آر پار جارحیت کے خلاف نعرے لگائے ۔ انہوں نے افسوس اظہار کیا کہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں جعلی مقابلوں میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کررہے ہیںاور کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھارتی مظالم میںاضافہ ہوگیا ہے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما سید یوسف نسیم نے کہا کہ کشمیریوں کوان کا حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے بعد دنیا کوکشمیریوںکی مشکلات کا اندازہ ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے عوام کودوہرے لاک ڈائون کا سامنا ہے پہلے بھارت نے گزشتہ سال اگست میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے فوجی محاصرہ نافذ کردیا تھا جس کے بعد اب کورونا وائرس کے باعث لاک ڈائون نافذ کر دیاگیا ہے ۔حریت کانفرنس آزاد کشمیر شخ کے سیکرٹری اطلاعات شیخ عبد المتین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے نام پر اپنی ریاستی دہشت گردی تیز کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو بگاڑنے پر تلی ہوئی ہے جبکہ دوسری طرف آزاد کشمیر میں شہری آباد ی کو بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اور کنٹرول لائن پرشہری آبادی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔مظاہرین نے بعدازاں اقوام متحدہ کے دفتر میںایک یادداشت بھی پیش کی جس پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کی تفصیلات موجود تھیں۔ مظاہرے میں راجہ خادم حسین ، شمیم شال ، عبدالمجید ملک ، حاجی محمد سلطان بٹ، عدیل مشتاق وانی ، نذیر احمد کرنائی ، عبدالمجید میر ، شیخ محمد یعقوب، امتیاز اقبال وانی ، ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، منظور الحق بٹ، زاہد اشرف، مشتاق احمد بٹ، سید منظور احمد شاہ ، محمد شفیع ڈار، الطاف حسین وانی ، طاہر مسعود، گلشن احمد ، سید منظور احمد شاہ ، سید مشتاق حسین ،حسن البناء ، سلیم ہارون ، سید یوسف نسیم اور دیگر نے شرکت کی ۔

مزیدخبریں